بھٹکل، 22 ستمبر (ایس او نیوز): بھٹکل ٹاؤن میونسپل کونسل کے نائب صدر محی الدین الطاف کھروری کو میونسپالٹی کے صدر (انچارج) کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ ذمہ داری انہیں سنیچر کے روز بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے تحریری طور پر تفویض کی گئی، جسے بھٹکل میونسپالٹی کے چیف آفیسر نیل کنٹھ میستا نے اسسٹنٹ کمشنر کی غیر موجودگی میں الطاف کھروری کو چارج سونپتے ہوئے اُن کی دستخط رجسٹر بُک پر حاصل کی۔
اس موقع پر الطاف کھروری نے بھٹکل جماعت المسلمین کے قاضی مولانا عبدالرب خطیب ندوی کی دعاؤں اور نصیحتوں کے ساتھ میونسپالٹی کے انچارج صدر کی ذمہ داری قبول کی۔ اس کے فوراً بعد قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری، جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، میونسپالٹی کے سابق صدر پرویز قاسمجی اور دیگر کونسلروں نے انہیں مبارکباد پیش کی۔
اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے الطاف کھروری نے بتایا کہ قریب 16 ماہ سے میونسپالٹی تعلقہ انتظامیہ کی نگرانی میں چل رہی تھی اور صدر و نائب صدر کا تقرر نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو بہت سے مسائل کا سامنا تھا۔ الطاف کھروری کے مطابق، میونسپالٹی میں عوامی کام نہ ہونے کی متعدد شکایات موصول ہوئیں اور کوئی بھی کام نہ ہونے کی وجہ سے لوگ سخت پریشان تھے۔ اُن کی اولین ترجیح یہی ہوگی کہ عوام کی شکایات کو فوری طور پر حل کیا جائے اور جو لوگ اپنے کام کے سلسلے میں میونسپالٹی آتے ہیں، ان کے کام میں سہولت فراہم کی جائے۔
یاد رہے کہ بھٹکل میونسپل کونسل میں 20 اگست کو ہوئے صدر اور نائب صدر کے انتخابات میں الطاف کھروری بلامقابلہ نائب صدر کے عہدہ پر منتخب ہوئے تھے، جبکہ میونسپل کونسل کے عہدوں کے ریزرویشن میں بھٹکل ٹی ایم سی کے لیے صدر کا عہدہ درج فہرست ذات کی خاتون کے لیے مختص کیا گیا تھا۔ چونکہ میونسپالٹی میں اس طبقے سے کوئی کونسلر موجود نہیں تھا، اس لیے صدر کا عہدہ خالی رہ گیا تھا۔ توقع کی جا رہی تھی کہ صدر کی غیر موجودگی کی وجہ سے صدر کے تمام اختیارات نائب صدر الطاف کھروری کو سونپے جائیں گے، لیکن انہیں فوری طور پر صدر کا چارج نہیں دیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں الطاف کھروری نے ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کرتے ہوئے ایک میمورنڈم پیش کیا تھا، جس کے بعد سنیچر کو انہیں میونسپل صدر کی ذمہ داری سونپی گئی۔